اپ ڈیٹ 24 اگست 2016 10:22am

خبردار! ڈرائی فروٹ صحت کےلئے محضر ہیں

سردیاں ہوں اور ڈرائی فروٹ نہ ہوں ، ایسا تو ممکن ہی نہیں۔جیسے ہی سردیاں آتی ہیں ویسے ہی ڈرائی فروٹ کی فروخت میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔ڈرائی فروٹ کے جہاں بے شمار فوائد ہیں وہیں اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں۔ یہ نقصانات کیا ہیں ، آئیے جانتے ہیں۔

بادام
بادام کوڈرائی فروٹس یامغزیات کابادشاہ قرار دیاجاتاہے۔ بادام خوب چباچبا کرکھاناچاہیے۔ اگر رات کوبادام کی چند گریاں پانی میں بھگوکرصبح چھلکا اتارنے کے بعد نہارمنہ کھائی جائیں تو یہ معدے کے ساتھ ساتھ آنکھوں اور دماغ کے لئے بھی مفید ہیں۔
لیکن دن بھر زیادہ سے زیادہ سے زیادہ بیس بادام ہی کھائیں اور بہتر ہے کہ ساتھ کشمش بھی استعمال کرلیں۔ کڑوا بادام کسی صورت استعمال نہ کریں۔

اخروٹ
اخروٹ میں پائے جانے والے وٹامنز سے نہ صرف مسلز مضبوط ہوتے ہیں بلکہ اس سے میٹابولزم بھی تیزہوتا ہے۔ اخروٹ بھی کم کھائیں ورنہ طبیعت میں بے چینی کے علاوہ حلق میں خراش اور منہ میں چھالے بن سکتے ہیں۔
اخروٹ کے بعد چائے نہیں پینی چاہیے۔ اس سے کھانسی ہوسکتی ہے۔ اخروٹ کے ساتھ کشمش کااستعمال بالکل نہ کریں۔

چلغوزہ
چلغوزہ جگر خصوصاََ گردوں کے لئے انتہائی مفید ہوتے ہیں۔ اس میں کولیسٹرول بالکل بھی نہیں ہوتا۔ چلغوزے کا مناسب مقدار استعمال وزن کم کرنے میں مدددیتا ہے۔ چلغوزے کو کھانے کے بعد استعمال کریں ، کھانے سے پہلے چلغوزہ بھوک کو ختم کردیتا ہے۔
یادرکھیں کہ بیس گرام سے زائد چلغوزہ کھانے سے سراور جسم کے مختلف حصوں میں درد کی شکایت ہوسکتی ہے۔

کاجو
دوسرے ڈرائی فروٹس کے برعکس کاجوکاچھلکا زہریلا ہوتاہے۔ اس لئے اسے چھلکا اتار کرکھایا جاتاہے۔ ریشز ، خراش، پھٹی ہوئی ایڑھیوں اور اینٹی فنگل ٹریٹمنٹ میں کاجوکاتیل استعمال کیا جا سکتا ہے۔ وہ افراد جن کو زیادہ پسینہ آتاہو، وہ کاجو کا زیادہ استعمال نہ کریں، یہ صحت کے لئے نقصان دہ ہے۔

پستہ
پستہ لوبلڈپریشر، دل او ردماغ کے لئے نہایت مفید ہے۔ پورے دن میں مٹھی بھرپستہ کھانے سے اینٹی آکسیڈنٹس منرلز، وٹامنز اور پروٹین کی مطلوبہ مقدار حاصل ہوجاتی ہے۔ عام طور پرپستے سے کھانسی کاعلاج کیاجاتا ہے تاہم اگر ضرورت سے زیادہ بستہ استعمال کیاجائے تویہ کھانسی کاباعث بھی بن سکتا ہے۔

مونگ پھلی
اگر آپ وزن بڑھانا چاہتے ہیں تو مونگ پھلی کااستعمال بے حد فائدہ مند ہے ،مونگ پھلی کی افادیت بڑھانے کے لئے ساتھ گڑکااستعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ مونگ پھلی کا چھلکا اتارنے کے بعد اس پرموجود سرخی مائل باریک چھلکا بھی اتار دینا چاہیے۔
مونگ پھلی کھانے کے بعد فوراً پانی نہیں پینا چاہئیے، اس سے کھانسی ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

Read Comments