الیکشن کمیشن آج سےعملی طورپرغیر فعال ہوگیا

اپ ڈیٹ 11 جون 2016 05:10pm

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آج سےعملی طورپرغیر فعال ہوگیا،الیکشن کمیشن کے تمام ممبران کا گزشتہ روز کام کا آخری روز تھا۔

الیکشن کمیشن کے ممبران نے 13جون کو حلف اٹھایا تھاجس کے تحت ممبران کی مدت 13جون کو پوری ہورہی ہے جبکہ 2چھٹیاں آنے سے آج سے وہ اپنے عہدوں پر کام نہیں کرسکتے۔

الیکشن کمیشن کے پنجاب سے ممبرریاض کیانی پہلے ہی رخصت پر ہیں،جس کے بعد آج سے چاروں ممبران عہدوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں اور الیکشن کمیشن مکمل طورغیر فعال ہوگیا ہے۔

ممبران کی عدم موجودگی میں الیکشن کمیشن کا بینچ پورا نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن میں جاری کیسز کی سماعت بھی نہیں ہوسکے گی ،اورنہ ہی الیکشن کمیشن کسی بھی قسم کے فیصلے کرنے کا اہل ہے۔

 بائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر پارلیمانی کمیٹی کوعلیحدہ علیحدہ نام بھیجیں گے ،جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی الیکشن کمیشن کے متفقہ طور پر ممبران کا تقرر کرے گی ۔

وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے اسپیکر کو کمیٹی کے قیام کیلئے خط لکھنے کے باوجود ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سارے عمل میں مزید دو سے تین ماہ لگ سکتے ہیں ۔

Read Comments