شائع 13 جون 2016 02:17pm

گینگز آف واسع پور 3'  بننے سے قبل ہی احتجاج کی زد میں'

دو ہزار بارہ  کی ہٹ فلم 'گینگز آف واسع پور' کے تیسرے سیکوئل کو شوٹنگ سے پہلے ہی احتجاج کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

بھارتی ریاست جھارکنڈ کے علاقے واسع پور کے رہائشیوں نے آنے والی فلم 'گینگز آف واسع پور 3' کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا کہ فلم کاروں نے واسع پور کی مثبت شبیہ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے اور علاقے کو مافیا ڈان، گینگسٹر اور  جرائم پیشہ افراد کے گڑھ کو طور پر مشہور کر دیا ہے۔

علاقے کے وارڈ کونسلر نثار عالم  نے فلم میں علاقے کا نام استعمال کرنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ 2012 میں پہلی فلم کے ریلیز ہونے کے بعد مقامی طور پر جرائم میں اضافہ ہونا شروع ہوا ہے۔ جبکہ فلم نے یہ تاثر دیا ہے کہ واسع پور گینگسٹرز اور جرائم پیشہ افراد کیلئے جنت ہے۔

عالم نے فلم کے ڈائریکٹر ذیشان قادری کے حوالے سے کہا کہ حیرانی ہے قادری جو اسی مٹی کے بیٹے ہیں اپنے ذاتی فائدے کیلئے واسع پور کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اور اب ملک کے دوسرے حصوں کے لوگ ہم سے رابطہ نہیں رکھنا چاہتے۔ فلم کاروں کو ٹاؤن کے مثبت پہلوؤں کو بھی اجاگر کرنا چاہیئے۔

ذیشان قادری نے نثار عالم کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فلم کو فلم کے طور پر لینا چاہئے۔ اس فلم کی کہانی مجرموں اور ان کے طریقہ کار کو سامنے لائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کرنے والے صرف گھٹیا پبلسٹی چاہتے ہیں۔

بشکریہ ہندوستان ٹائمز

Read Comments