دہشت گردوں کو واپس جانے نہیں دیا جائیگا ،راحیل شریف

شائع 14 جون 2016 05:18pm

پشاور :آرمی چیف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے کئی اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ نہ تودہشت گردوں کو واپس آنے دیا جائے گا اورنہ ہی فوج مشن مکمل کیے بغیرواپس جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا،آرمی چیف نے اپنے خطاب میں عزم ظاہر کیا کہ اب قبائلی علاقوں میں کسی دہشت گرد کو واپس نہیں آنے دیں گے،فوج اپنا کام مکمل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہترین سرحدی انتظام سے مشکوک سرحدی نقل و حرکت ختم کی جا سکتی ہے،دیرپا امن و استحکام کیلئے ملک گیر آپریشنز جاری رہیں گے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ضرب عضب ہر قسم کے دہشت گردوں کیخلاف بلا تفریق آپریشن ہے،کوئی دہشت گرد اپنے انجام سے نہیں بچ سکے گا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی فوج کی جامع منصوبہ بندی کا حصہ ہے جس سے معاشی خوشحالی کے ساتھ عسکریت پسندی کی حوصلہ شکنی ہو گی۔اس سے قبل جنرل راحیل شریف نے میران شاہ، رزمک، مکین شاہراہ سمیت شولام میں سو بستروں پر مشتمل جدید اسپتال کا بھی افتتاح کیا۔آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب کے فیصلہ کن مرحلے، فاٹا میں تعمیر نو اور سماجی تحفظ کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

Read Comments