Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کوئٹہ:بلوچستان خزانہ اسکینڈل میں انتہائی مطلوب اور مرکزی ملزم سلیم شاہ کو اندرون سندھ سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے اربوں روپے کے اثاثے منجمد کردیئےگئے، ریمانڈ کیلئے آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
بلوچستان میں سابق سیکریٹری خزانہ کے گھر سے خزانہ برآمد ہونے کے بعد میگا کرپشن میں ملوث بڑی مچھلیوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزم مشتاق رئیسانی سے حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی خالق آباد سلیم شاہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری تھا، جسے خفیہ اطلاع پر آج اندرون سندھ سے حراست میں لیا گیا، ملزم کے پاس ایک ہی وقت میں خالق آباد کے 3 اہم سرکاری عہدوں کے چارج تھے۔
وہ چیف میونسپل آفیسرہونے کے ساتھ ساتھ ایڈمنسٹریٹر اور اکاؤنٹنٹ کے معاملات بھی دیکھ رہے تھے۔
سلیم شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ترقیاتی اسکیموں کیلئے جاری ہونے والے فنڈز میں اربوں روپے کی خورد برد کی۔
سلیم شاہ نے کوئٹہ کراچی اور دیگر علاقوں میں اربوں روپے کی جائیداد بنائی اور متعدد بینک اکاؤنٹس میں خطیر رقم جمع کر رکھی تھی۔