گوجرانوالہ :پسند کی شادی پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا

شائع 16 جون 2016 04:53pm

گوجرانوالہ :نام نہاد غیرت کے نام پر ایک اور زندگی کا چراغ گل کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ میں پسند کی شادی کرنے پر باپ نے سگی بیٹی کو قتل کر دیا۔ ملزم شبیر فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

غیرت کے نام پر تواتر سے قتل کے واقعات نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا،نام نہاد جھوٹی غیرت نے ایک اور بیٹی سے زندگی کا حق چھین لیا۔ایبٹ آباد ، مری ، راولپنڈی اور لاہور کے بعد گوجرانوالہ سے سفاکیت کی نئی داستان سامنے آ گئی ہے۔تھانہ اروپ کے علاقہ بٹرانوالی میں اکیس سالہ مقدس نے تین سال قبل شفیق نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی۔جس کا باپ کو بڑا رنج تھا اور وہ انتقام کی آگ ٹھنڈی کرنے کیلئے موقع کے انتظار میں تھا۔

بیٹی کی تاک میں لگے باپ نے موقع پاتے ہی مقدس کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔اس سفاکیت کا ایک دردناک پہلو یہ بھی ہے کہ مقدس ایک کمسن بیٹی کی ماں ہونے کے ساتھ حاملہ بھی تھی۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ لڑکی کے والد نے پسند کی شادی پر لڑکی کو قتل کیا۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے سول اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ملزم کی گرفتاری کیلئے چھا پے مار رہی ہے۔پولیس کے مطابق جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

Read Comments