عوامی تحریک کی ایک مرتبہ پھر دھرنے کی تیاریاں

شائع 16 جون 2016 05:00pm

لاہور :پاکستان عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاوٴن کے دو سال مکمل ہونے پر انصاف کے حصول کے لیے ایک بار پھر میدان میں نکل آئی ہے۔مال روڈ لاہور پر دھرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری تین سال قبل انقلاب کا نعرہ لیکر پاکستان آئے۔ ملک میں سیاسی انقلاب تو نہ آیا لیکن سترہ جون دوہزار چودہ کو انقلابی تحریک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان عوامی تحریک کے چودہ کارکنوں کو جانوں کا نذرانہ دینا پڑا۔ انہی شہداء کے خون کا حساب اب عوامی تحریک کا اولین مقصد ہے جس کے حصول کی خاطر مال روڈ پر احتجاجی دھرنا دینے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں دو دھرنوں کے بعد اب مال روڈ لاہور پر میدان سجنے کو تیار ہے۔ پارٹی کارکن بھی پر جوش ہیں کہ انصاف کے حصول کی خاطر وہ مزید قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔حکومت کی کوشش رہی کہ ملک کو سیاسی بحران سے بچانے کیلئے تحریک چلانے والوں کو مذاکرات کے ذریعے جمہوری آئینے میں اتار لیا جائے لیکن فریقین کا اپنے اپنے موٴقف پر ڈٹے رہنا اب حزب مخالف کو سیاسی میدان گرمانے کی طرف واپس لے آیا ہے۔

Read Comments