عمران فاروق قتل کیس میں فیصلہ سنائے جانے کا امکان

شائع 16 جون 2016 05:06pm

اسلام آباد:انسداد دہشت گردی عدالت کا کہنا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس میں پراسیکیوٹر کا تقرر نہ ہوا تو ملزمان کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ دن کی توسیع کردی ہے۔پراسیکیوٹر نہ ہونے سے عمران فاروق کیس تعطل کا شکار ہے۔اسلام آباد میں جج کوثرعباس زیدی نے کیس کی سماعت کی۔

انھوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل وسیم رانجھا سے کہا کہ اگر اگلی سماعت تک تقرری نہ ہوئی تو عدالت ریکارڈ دیکھ کر ملزمان کی متفرق درخواستوں پر فیصلہ سنادے گی۔ ملزمان نے عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے۔ عدالت نے ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت تیس جون تک ملتوی کردی۔

ادھر جسٹس نورالحق قریشی نے عمران فاروق قتل کیس کے ہی ملزم معظم علی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ دس صفحات پر مشتمل فیصلے میں ضمانت منظور نہ کرنے کی وجوہات بتائی گئی ہیں۔

Read Comments