پاک افغان سرحد6 روز کشیدگی کے بعدآج کھول دی گئی

شائع 18 جون 2016 08:35am

اسلام آباد:پاک افغان سرحد' طورخم'6 روز کی کشیدگی کے بعد آج کھول دی گئی۔

تجارتی قافلوں اور عوام کی سخت سیکیورٹی اور چیکنگ کے بعد آمدرورفت جاری ہے، پاکستانی حدود میں گیٹ کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔

سرحد کھلنے کے بعددونوں طرف پھنسے ہوئے افراد نے سکھ کا سانس لیا،لوگوں کی بڑی تعداد صبح ہی سے طورخم پہنچ گئی تاکہ اپنے رکے ہوئے کام دوبارہ شروع کئے جاسکیں۔

لیکن اس مرتبہ بارڈر کراس کرتے ہوئے سختی ہے،دستاویزات بھی دیکھی جارہی ہیں اور چیکنگ بھی سخت ہے۔

طورخم بارڈر پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، چیکنگ کے  انتہائی سخت اقدامات دکھائی دے رہے ہیں،بغیر سفری دستاویزات کے کسی شخص کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

پاکستان نے سرحدی گیٹ کی تعمیر شروع کردی ، طورخم بارڈر کے تحصیل دار غنچہ گل کے مطابق بارڈر پر صورتحال کنٹرول میں ہے، گیٹ کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

پاک افغان طورخم بارڈر کھولے جانے کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہےاور تجارتی سرگرمیاں بھی بحال ہوگئی ہیں۔

Read Comments