ممبئی:گزشتہ چند دنوں سے بولی وڈ کے دبنگ خان اور معروف گلوکار اریجیت سنگھ کے درمیان جاری کشمکش نے بھارتی میڈیا اور لوگوں کو حیرت میں ڈال رکھا ہے۔
ایک چھوٹی سی بات پر ہونے والے اختلاف نے بڑی جنگ کا روپ دھار لیاہے،بات یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ سلمان نے اریجیت کو پہچاننے ہی سے انکار کردیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق سلمان خا ن کی فلم سلطان کے ایک گا نے میں اریجیت کی آواز کی جگہ پاکستان کے مایا ناز گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز استعمال کی گئی ہے۔
صحافیوں کی جانب سے اریجیت کے بارے میں سوال پوچھنے پر سلمان کا ردعمل نہایت عجیب تھا ، انہوں نے اریجیت سے ناواقفیت کااظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔
واضح رہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات کا آغاز ایک ایوارڈ شو کےدوران ہوا تھا ،جس کی میزبانی سلمان خان کررہے تھے،اریجیت سے جب ایوارڈ شو کے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا 'میزبانی اتنی بورنگ تھی کہ مجھے نیند آگئی'۔
ان کی اس بات پر سلمان کو غصہ آگیا، تاہم بعد میں اریجیت نے بجرنگی بھائی جان سے معافی بھی مانگی لیکن سلمان انہیں معاف کرنے کو تیار نہیں۔