ممبئی:بولی وڈ کے معروف ادکار سلمان خان کو خواتین کیخلاف بیان دینا مہنگا پڑ گیا ،بھارت کی نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کی خواتین ونگ نے اُن کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سلمان خان کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جن کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے،ان مداحوں میں خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے جو ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب رہتی ہیں ۔
گزشتہ روز سلمان کی جانب سے دئے گئے بیان کہ اپنی فلم سلطان کی شوٹنگ کے بعد ان کاحال 'زیادتی کا شکار مظلوم لڑکی جیسا ہو جا تا تھا اور وہ سیدھا بھی نہیں چل پاتے تھے'نے خواتین کو سخت اشتعال میں مبتلا کردیا ، ان کے اس بیان سے پورے بھارت میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز سلمان کے والد سلیم خان نے اپنے بیٹے کی حرکت پر لوگوں سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیٹے سے غلطی ہوگئی ہے ،اس کا ارادہ کسی کو دکھ پہنچانے کا نہیں تھا ۔
واضح رہے کہ این سی پی کی رکن چترا واگاہ نے 50 سالہ اداکار سلمان خان کیخلاف سیتا بلدی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے کہاہے کہ ان کیخلاف ایکشن لیا جائے۔