کراچی:ٹارگٹ کلنگ اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم فیصلے

اپ ڈیٹ 23 جون 2016 10:13am

کراچی:کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم فیصلے کرلیے گئے، وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں شروع کردیں، سندھ حکومت رینجرز کے ساتھ ہے۔

کراچی میں ایک پھر دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز سرگرم ہو گئے،پہلے بیرسٹر اویس شاہ کا اغوااور اب معروف قوال امجد صابری کا المناک قتل،شہر میں امن و امان کی صورتحال کیسے بہتر بنائی جائے،اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کیلئے بڑوں نے سر جوڑ لیا۔

پہلے وزیراعلیٰ سندھ سے ڈی جی رینجرز نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو کراچی آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو جڑسے اکھاڑ پھینکیں،فکر نہ کریں حکومت آپ کے ساتھ ہے۔

اس کے فوری بعد ہی ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ،اجلاس میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کئے گئے،واقعات کی بھرپور اور مربوط تحقیقات کا فیصلہ ہوا،دہشت گردوں کیخلاف بلا تفریق  اورسخت کارروائی کی جائےگی ،شہریوں کے جان ومال کاتحفظ ہرصورت یقینی بنایا جائےگا۔

اجلاس میں مختلف سیکٹر کمانڈرز سمیت رینجرز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

Read Comments