امجد صابری کوپاپوش نگر کےقبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا

شائع 23 جون 2016 10:32am

معروف قوال امجد صابری کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں پاپوش نگر کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ میں غم سے نڈھال ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

امجد صابری کی آخری آرام گاہ ان کے والد اور چچا کی قبروں کے نزدیک ہی بنائی گئی ہے ۔ امجد فرید صابری کی میت کو نماز جنازہ کیلئے پاپوش نگر کے قبرستان میں لایا گیا تو تمام راستے عقیدت مند ان کے جنازے کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔

 جنازے کے راستے میں آنے والے گھروں کی خواتین اور مرد حضرات بھی میت گزرنے پر دھاڑیں مار مار کر آنسو بہاتےرہے ۔

نماز جنازہ لیاقت آباد نمبر 4 کی مین سڑک پر ادا کی گئی ، اس موقع پر دونوں اطراف سے سڑک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔

نماز جنازہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پولیس ، سیکیورٹی اور حساس اداروں کے جوانوں نے بھی خدمات انجام دیں ۔

 امجد فرید صابری کو گزشتہ روز گھر سے نکلتے وقت ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا ۔

 ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی مذہبي جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں موجود تھیں۔

امجد فرید صابری کی موت کے سوگ میں لیاقت آباد میں جگہ جگہ سیاہ رنگ کے جھنڈے بھی لہرائے گئے۔

Read Comments