ممبئی ،نیویارک :معروف قوال امجد صابری کے قتل پر ملالا یوسفزئی، اقوام متحدہ سمیت بالی ووڈ فنکار بھی اداس ہیں جو امجد صابری کے قتل پر اظہار افسوس کر رہے ہیں۔
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ امجد صابری جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔اقوام متحدہ کے ایسوسی ایٹ ترجمان فرحان حق نے امجد صابری کے قتل پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہی ملک میں بڑھتی قتل و غارت کا خاتمہ اور امن قائم کرسکتے ہیں۔
پڑوسی ملک بھارت میں بھی امجد صابری کے انتقال پر تعزیت کی جارہی ہے۔گلوکار سونو نگم نے لکھا امجد صابری کے قتل کی خبر پر افسوس ہوا،اداکار جاوید جعفری نے خاندان سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔بالی ووڈ فنکارہ عالیہ بھٹ نے کہا کہ امجد صابری کا قتل دل دکھانے والا واقعہ ہے،کسی بھی فنکار کے ساتھ ایسا ہونا افسوسناک ہے ۔
موسیقار ارمان ملک نے ٹوئٹ کیا کہ سمجھ نہیں آتا پیار اور امن کا پیغام دینے والے معصوم موسیقاروں کو کیوں قتل کیا جارہا ہے۔اداکار ایوشمان کھرانا کا کہنا ہے کہ صابری برادران نے قوالی کو ستر کی دہائی میں مغرب میں متعارف کروایا،گلوکار اور موسیقار امیت تریویدی نے ٹوئٹ کیا کہ ایک باصلاحیت فنکار نہ رہا۔ اداکارہ ریچا چڈا نے لکھا فنکار کو قتل کرسکتے ہیں فن کو نہیں۔ عالمی موسیقی میں خلا پیدا ہوگیا۔