امجد صابری کا قتل،عالمی میڈیا میں بھی واضح کوریج

شائع 23 جون 2016 04:23pm

نیویارک :معروف قوال امجد صابری کی موت کی خبر نے صرف پاکستانیوں کو ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی میڈیا کو بھی دھچکا پہنچایا، اپنے فن سے دنیا بھر میں مشہور امجد صابری کے قتل کی خبریں بین الاقوامی میڈیا نے بھی شہ سرخیوں میں رکھیں۔

معروف قوال امجد صابری نے اپنے فن سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں نام کمایا اوریہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کے بعد ان کی موت کی خبر کو بین الاقوامی میڈیا میں بھی نمایاں کوریج دی گئی۔

امریکی ادارے سی این این نے لکھا کہ مشہور صوفی سنگر امجد صابری فائرنگ میں جاں بحق ہوگئیاورساتھ ہی سی این این نے تحریک طالبان افغانستان کے موجودہ اور سابق رہنماوٴں کی تصاویر بھی دکھائیں۔

برطانوی ادارے بی بی سی نے سرخی لگائی کہ پاکستان مشہور قوال کی موت پر ماتم کناں ہے۔بی بی سی نے امجد صابری کو مایہ ناز قوال قرار دیا۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے سرخی لگائی پاکستان میں صوفی سنگر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے امجد صابری کے بھائی کے بیان کو شہ سرخی بنایا اور کہا کہ ٹیم کا کیپٹن چلا گیا، بھائی کو یاد رکھیں گے۔ٹائمز آف انڈیا نے اپنے مذہبی انداز میں شہ سرخی لگائی کہ ایک دیوتا کی آواز بہت کم عمر میں خاموش ہو گئی۔الجزیرہ میں شہ سرخی بنائی گئی کہ پاکستانی صوفی سنگر امجد صابری کو کراچی میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

Read Comments