Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کراچی:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انورظہیرجمالی کا کہنا ہے کہ اویس شاہ کے اغوا سے شہریوں میں عدم تحفط کا احساس بڑھ گیا، سندھ ہائیکورٹ میں اویس شاہ کی بازیابی کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی درخواست دائر کردی گئی۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا ،جس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا کا معاملہ زیرغورآیا ۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری، ڈی جی رینجرز اورآئی جی سمیت دیگر حکام شریک تھے۔اویس کی تلاش میں ہونے والی اب تک کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کے جاری اعلامیہ میں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کوآگاہ کیاگیا۔اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے اویس شاہ کی جلد بازیابی کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کےاغوا سے شہریوں، ججز اور ان کے اہل خانہ میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا۔چیف جسٹس نے کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ادھر سندھ ہائیکورٹ کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اویس کی بازیابی میں ادارے ناکام ہوگئے ،عدالت وزیراعلیٰ سندھ کو مستعفی ہونے کا حکم دے اور معاملے سے متعلق خبروں پر بھی پابندی لگائے۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجادعلی شاہ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان کے بیٹے کے اغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بازیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔