Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کراچی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رینجرز کو کراچی میں مکمل امن کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلا دیا۔
کراچی میں جرائم پیشہ عناصر نے پھر سر اٹھایا،بدلتی صورتحال پر ملک بھرمیں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے۔جوانوں کا مورال بلند کرنے خود سپہ سالار کراچی پہنچ گئے۔
آرمی چیف نے رینجرز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور رینجرز کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو مجرموں سے پاک کرکے دم لیں گے،ناصرف دہشتگردوں، بلکہ ان کے سہولت کاروں اور ہمدردوں کا بھی خاتمہ کر دیں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کا مقصد دہشتگرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ہے۔بری فوج کے سربراہ نے رینجرز کو انٹیلی جنس اور لڑاکا معاونت فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا۔سپہ سالار نے تمام کمانڈرز، انٹیلی جنس ایجنیسز اور دیگر اداروں کو ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو کراچی میں ہونے والے آپریشن، موجودہ امن و امان کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔