Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
کراچی :کراچی میں آج شام سے حبس ٹوٹنے اور بارش برسنے کا امکان ہے۔ کل سے سندھ اور بلوچستان کے بیشتر جبکہ کشمیر اور خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
لوڈشیڈنگ، اس پر روزے میں شدید حبس نے کراچی والوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے۔ لیکن موسم کا حال بتانے والوں نے شہر کے مکینوں کو بارش کی نوید سنادی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ،کراچی میں آج شام اور کل بادل جم کر برسنے کا امکان ہے تاہم اس سے قبل شہریوں کو شدید حبس کی پریشانی جھیلنی پڑے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا ہے۔ جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لورالائی، کوہلو، بارکھان اور کوہ سلیمان سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، ہزارہ ڈویژن، لاہور، سبی، مکران قلات میں اکثر مقامات پر جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔