کوئٹہ میں طوفانی بارش،مختلف حادثات میں 3افرادجاں بحق

شائع 28 جون 2016 05:12am

کوئٹہ:کوئٹہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی،درجنوں کچے مکانات کی دیواریں گر گئیں،مختلف حادثات میں 3افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ جبکہ تین افراد سیلابی ریلے میں بھی بہہ گئے۔

شدید گرمی اور حبس کے بعد کوئٹہ میں ابر کرم برسا اور خوب جم کر برسا،گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

تیزطوفانی بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی،ہوائیں اتنی تیز تھیں کہ درجنوں کچے مکانات کی چھتیں گر گئیں ،مختلف حادثات میں درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

طوفانی بارش کے باعث شہر میں بجلی، مواصلات اور ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا،سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ اور پرنس روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔

شدید گرمی کے بعد بارش کی خوشی اپنی جگہ مگر خراب صورتحال نے عوام کو پریشان کردیا،بارش کا پانی سول اسپتال کے آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی اور سرجیکل وارڈز میں داخل ہوگیا۔

جس کے باعث مریضوں کو دوسرے وارڈز میں شفٹ کرنا پڑا۔14فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

Read Comments