پنجاب :اربوں روپے کے دو جیٹ ایئرکرافٹ خریدنے کیلئے ٹینڈر

شائع 28 جون 2016 04:35pm

لاہور :خادم اعلیٰ اب خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کریں گے، عوام کی بروقت دادرسی کیلئے اربوں روپے کے دو جیٹ ائیرکرافٹ خریدے جارہے ہیں۔ برطانوی فنانشل ٹائمزمیں اشتہار بھی شائع ہوگیا۔

حادثہ ہو یا سانحہ، غیرت کے نام پرقتل ہویا تیزاب گردی کی کوئی کاروائی۔ خادم اعلی اب ہرجگہ بروقت پہنچیں گے۔ جی ہاں، حکومت پنجاب نے دوجیٹ جہازوں کی خریداری کیلئے پیشکش طلب کرلیں، اہم بات یہ ہے کہ ٹینڈرنوٹس کسی قومی روزنامے میں نہیں بلکہ معروف برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز میں ستائیس جون کو شائع ہوا۔

ذرائع کے مطابق ایک چوتھائی صفحے کے اس اشتہارکی قیمت نو ہزار پاوٴنڈ تک ہے۔ اشتہارمیں حکومت پنجاب کی جانب سے دو سپرایگزیکٹیو جیٹ ائیر کرافٹ کی خریداری کیلئے پیشکش طلب کی گئی ہیں۔ ٹینڈردو اگست کو کھولے جائیں گے۔

اندازے کے مطابق ایک جہاز کی قیمت ڈھائی ارب روپے تک ہوگی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اشتہار کی اشاعت پیپرا قوانین کے مطابق ہوئی ہے۔ یہ بھی بتایا جائے کہ چار سے پانچ ارب روپے کے جہاز کس کھاتے میں خریدے جائیں گے کیونکہ صوبائی بجٹ میں اس کا ذکر تک نہیں ہے۔

Read Comments