بینکوں سے لوگوں کو کیش کے حصول میں مشکلات

شائع 02 جولائ 2016 02:00pm

اسلام آباد:اسٹیٹ بینک کے حکم کے مطابق آج ملک بھر میں نجی و سرکاری بینکس تو کھلے، مگر کہیں اے ٹی ایمز میں رقم نہیں تو کہیں چیک کیش کرنے کا سسٹم خراب ہے، ملازمین اور پینشنرز کی بینکس کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں

ملک بھر میں منگل سے عید الفطر کی چھٹیوں کا آغازہونا ہے۔ اسی لئے اسٹیٹ بینک نے آج تمام نجی اور سرکاری بینکس کو کھلے رہنے کی ہدایت کی تھی۔ اس ہدایت کے مطابق آج بینکس کھلے ہیں لیکن اے ٹی ایم میں کیش اور چیک مشینیں خراب ہونے کے باعث اکاوٴنٹس ہولڈرز، پینشنرز اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں بھی تنخواہوں اور پینشنز کا حصول عذاب بن گیا، شہر کی نیشنل بینکس کی برانچ کے لنکس ڈاوٴن ہوگئے،سروس معطل ہونے کے باعث بینکوں کے باہر پینشنرز کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ کے ملازمین جب چیک کیش کرانے بینک پہنچے تو انتظامیہ نے چیک کیش کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد ملازمین نے شدید احتجاج کیا اور مطالبات کے حق مین نعرے بازی کی۔

ادھر آزاد کشمیر کے بینکس میں اب تک سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ہی ٹرانسفر نہیں ہوسکیں۔ مظفرآباد میں ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرتے ہے، سکھر میں اسٹیٹ بینک کی ہدایت کے باوجود نجی بینکس بند،متعدد اے ٹی ایم مشینوں میں بھی کیش موجود نہیں، جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

رحیم یار خان میں نیشنل بینک کی مین برانچ کا کمپیوٹر سسٹم ہی خراب ہوگیا، صبح سے ایک بھی چیک کیش نہ ہوسکاجس کے بعد ملازمین،اکاوٴنٹس ہولڈرز مایوس ہوکرواپس گھر کو لوٹ گئے۔مردان میں بھی نیشنل بینکس میں چیک کیش کرنے کا نظام خراب ہوگیا جس کے باعث سیکڑوں اکاوٴنٹس ہولڈرز اور ملازمین احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔ہری پور میں بھی بینک میں ملازمین کے چیک کیش نہیں ہوئے۔

Read Comments