نریندر مودی کا دورہ پاکستان خیر سگالی کا تھا : سیکٹری خارجہ

اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2015 06:26pm

لاہور : نریند ر مودی کا پاکستان کا دورہ خیرسگالی کا تھا ، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان امن کی نئی فضاءقائم ہوئی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اچانک لاہور کا دورہ کرکے دونوں ممالک کے عوام کو سرپرائز دے دیا۔ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی ملاقات میں دونوں ممالک میں روابط کو آگے بڑھانے اور مسائل کو حل کرنے پر اتفاق ہوا۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے بھارتی وزیراعظم کا دورہ خیرسگالی پر مبنی تھا، تمام معاملات میں سول اور عسکری قیادت متحد ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سیکٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے لاہور ائیر پورٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میاں نواز شریف اور نریندر مودی کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میںہوئی ،جس میں ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے صبح گیارہ بجے میاں نواز شریف کو پاکستان آنے کے حوالے سے بتا یا کہ وہ لاہور آکر ملاقات کرنا چاہتے ہیں جس پر نواز شریف نے ان کی پیشکش قبول کرتے ہوئے انھیں لاہور میں اپنے گھر آنے کی دعوت دی اور ان کی آمد کے حوالے سے انتظامات کئے ۔ اعزاز چوہدری نے نریند مودی اور نوازشریف کی مختصر ملاقات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کا پاکستان کا دورہ خیر سگالی کا تھا اور اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین اعتماد سازی کو ترجیح دی گئی ۔

واضح رہے کہ نریند مودی نے میاں نواز شریف کو ان کی سالگری اور نواسی کی شادی پر مبارک باد بھی دی ۔

Read Comments