نواز شریف کا کوئی بائی پاس آپریشن نہیں ہوا،طاہر القادری

شائع 12 جولائ 2016 05:01pm

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا کوئی بائی پاس آپریشن نہیں ہوا۔ لگتا ہے کوئی کراماتی سرجری ہوئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ لندن کے جس ہسپتال میں نواز شریف کی سرجری ہوئی وہ تو ہیئر ٹرانسپلانٹیشن کا ہسپتال ہے۔ نواز شریف کی کیا توانائی اور کرامات ہیں کہ اتنے سیریس آپریشن کے باوجود بغیر ویل چیئر کے پھر رہے ہیں۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جس ہسپتال میں نواز شریف کا آپریشن ہوا وہاں ملٹری سیکریٹری تک کو جانے کی اجازت نہیں دی گئ اور نہ ہی کسی سرجن یا ہسپتال کے ترجمان نے وزیراعظم کے آپریشن کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔

ایک سوال کے جواب میں طاہرالقادری نے کہا کہ آرمی چیف ملازمت میں توسیع نہ  لینے سے متعلق واضع اعلان کر چکے ہیں۔ لگتا ہے کہ عسکری ادارے کو بدنام کرنے کیلئے حکمران خود ہی آرمی چیف سے متعلق پوسٹر لگوا رہے ہوں۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ ملکی سالمیت کے ادارے اس بات کا نوٹس لیں کہ گذشتہ دو سال میں سو سے زائد پولیس اہلکاروں کو پنجاب حکومت نے سرکاری خرچ پر کونسی بیماری کے علاج کیلئے بھارت بھیجا۔

Read Comments