سراج الحق کی امجد صابری اور ایدھی کے اہلخانہ سے تعزیت

شائع 13 جولائ 2016 04:35pm

کراچی :امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے امجد صابری اور عبدالستار ایدھی کے اہلخانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی ۔ سراج الحق کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنگل کا قانون ہے ۔ کھلے عام لوگوں کا قتل ہو رہا ہے ۔ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں ۔ نہ بجلی ہے اور نہ ہی پانی ۔ یہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق مرحوم امجد صابری کی رہائش گاہ لیاقت آباد پہنچے،ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں دن دہاڑے لوگوں کو مار دیا جاتا ہے، شہر میں جنگل کا قانون ہے ، کوئی پوچھنے والا نہیں۔

لیاقت آباد کے بعد سراج الحق ایدھی سینٹر کھارادر پہنچے،اور ایدھی صاحب کے صاحبزادے فیصل ایدھی سے ملے،ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی اور دعائے مغفرت بھی کی۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایدھی صاحب کی انسانیت کے لیے بلاامتیازخدمات اوروسائل کی منصفانہ تقسیم سے حکومت سبق سیکھے

سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانے میں تعاون کرے اور امجد صابری کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

Read Comments