بھارت کی پالیسیاں خطےمیں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں،دفتر خارجہ

شائع 14 جولائ 2016 10:10am

اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کودہشت گردی سے جوڑنا بھارتی پروپیگنڈہ ہے ، بھارت کی پالیسیاں خطے میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ 

اسلام آباد میں میڈیا کوہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کا ٹریک ریکارڈ رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئیں ۔

کشمیریوں کی جدوجہد  حق خودارادیت کے حصول کے لئے ہے۔ بھارت کی جانب سے کشمیر میں پرتشدد واقعات کو اندرونی مسئلہ قرار دینا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لیے شرط ہے کہ ممبر ملک عالمی امن کے کیے مثبت کردار ادا کرے ،بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کی شرائط پر پورا نہیں اترتا۔

امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کی پاکستان بارے بحث پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ زلمے خلیل زاد کے خیالات کتنے منفی ہیں ۔ زلمے خلیل زاد کی باتوں کو کہیں بھی سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا ۔

 پاکستان اورامریکا کے درمیان دہشت گردی کے مسئلے پرتعاون جاری ہے۔امریکی صدر سے لے کر جان مکین تک سبھی پاکستان کے کردارکے معترف ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں پرسوال نہیں اٹھایا جا سکتا ۔پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نومبرمیں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس میں خطے کے تمام ممالک شرکت پررضامندی ظاہر کی ہے۔

Read Comments