Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور: وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج لاہور میں ہو گا۔ اجلاس میں تحفظ پاکستان ترمیمی بل کی منظوری اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے سے متعلق اقدامات کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ،کابینہ اجلاس کے پہلے سیشن میں کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور نہتے کشمیریوں کی شہادت پر مذمتی قرارد بھی پاس کی جائے گی۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کشمیر کی حالیہ صورتحال اور عالمی برادری کے ردعمل کے حوالے سے کابینہ کو مفصل بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستانی سفیروں کی کانفرنس بلانے اور اس ایشو کو اقوام متحدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگر فورم میں اٹھانے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں تحفظ پاکستان ایکٹ کی مدت میں توسیع اور قومی اسمبلی سے ایکٹ میں مزید ترامیم کے حوالے سے سفارشات کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی، سی پیک سمیت میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹی او آرز کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت اور اپوزیشن کی طرف سے حکومت کے خلاف ممکنہ احتجاجی تحریک کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔