Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
قومی احتساب بیورو نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف پندرہ سال سے زیرالتوا تحقیقات ختم کرنے کی منظوری دیدی ۔ نیب نے کرپشن الزامات کی پانچ بڑی تحقیقات کے بعد ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین قمرالزمان کی زیر صدارت ہوا۔ترجمان کے مطابق نیب بورڈ نے اسحاق ڈار کیخلاف زیر التوا منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات ختم کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ میرا نام نیب کیسز میں آنا حیران کن تھا، ان کیسز میں نام سیاسی بنیادوں پر ڈالا گیا۔ادھر نیب بورڈ نے جن افراد کےخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی ہے۔ ان میں پرائس کمیٹی کے ارشد فاروق و دیگر،سابق وزیر بلوچستان اسفند یارکاکڑ،سابق میئر گوجرانوالہ اسلم بٹ، ولی خان یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اور سینیٹ کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری مسرت عباس شامل ہیں۔
نیب بورڈ نے بلوچستان کے سابق وزیر عبدالکریم نوشیروانی کیخلاف بھی سترہ سالہ پرانی تحقیقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ترجمان کے مطابق سندھ کے سابق ارکان اسمبلی شفقت شیرازی، اعجاز شیرازی کیخلاف ناجائز اثاثہ جات الزام کی انکوائری کرانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ سندھ کے وزیر دوست محمد کیخلاف بھی ناجائز اثاثہ جات الزام کی انکوائری کرنے کی منظوری دی گئی۔