ملتان :سوشل میڈیا سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائیوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق قندیل بلوچ کی موت گلا دبانے سے ہوئی۔۔
پاکستان کے سوشل میڈیا کی سپر اسٹار قندیل بلوچ کو قتل کر دیا گیا۔قندیل کو مبینہ طور پر ان کے بھائی نے قتل کیا جبکہ واقعہ ملتان میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق قندیل کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے،جس کے مطابق قندیل کو گلا دبا کرقتل کیا گیا۔قندیل کے گلے اور چہرے پر زخموں کے نشان بھی ہیں۔
پولیس تھانہ مظفر آباد نے قندیل بلوچ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقدمے میں قندیل کے بھائیوں وسیم اور اسلم شاہین کو نامزد کیا گیا ہے۔ قندیل بلوچ عید کے بعد سے اپنے والدین کے ہمراہ ملتان میں رہائش پزیر تھی۔
پولیس کا کہنا ہے قندیل کے والد کے بیان کے مطابق انہوں نے صبح کے وقت قندیل کو مردہ حالت میں پایا اور پولیس کو اطلاع دی۔ سی پی او ملتان کا کہنا ہے کہ قتل غیرت کے نام پر ہوا یا کوئی اور وجہ ہے ، ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ مبینہ قاتل وسیم کی گرفتاری کیلیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
قندیل کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی بیٹی شیر تھی، اس کا مرنا اللہ کی مرضی ہے۔قندیل کے والد نے لوگوں سے بیٹی کی مغفرت کیلئے دعا کی اپیل کی ہے ۔