آئینی اصولوں کو پامال نہیں ہونے دیں گے،آصف زرداری

شائع 26 دسمبر 2015 12:57pm

دبئی:پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ آمرانہ ذہنیت کے تحت صوبائی خود مختاری کے خلاف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

بینظیر بھٹو کی آٹھویں برسی کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں بینظیر بھٹو شہید کی آئین، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ جمہوری اقدار کی سربلندی کے لیے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آئینی اصولوں کو پامال نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی انتہاپسندوں کو مذہب کے نام پر ملک کو تباہ کرنے کی اجازت دیں گے۔

آصف زرداری نے مذہب کے نام پر ریاست پر قبضہ کر کے خود ساختہ خلافت کے قیام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کے نام پر تمام آئینی اصولوں کے خلاف سندھ پر وفاق نے چڑھائی کر دی ہے۔

Read Comments