شائع 19 جولائ 2016 07:43am

پھل اور سبزیوں کو ہرگز دھوکر فریج میں نہیں رکھیں

لوگ فریج میں پھل اور سبزیاں اس لیے رکھتے ہیں کہ پھل اور سبزیاں دیر تک تروتازہ رہیں گی، لیکن کچھ دنوں کے بعد جب فریج کھول کر دیکھیں تو سارے پھل اور سبزیاں خراب ہوچکی ہوتی ہیں۔

لوگ زیادہ تعداد میں پھل اور سبزیاں خرید لاتے ہیں او ران کو فریج میں یہ سوچ کر اسٹور کر دیتے ہیں کہ ان پھلوں کو کئی دنوں تک استعمال کرلیں گے اور روز روز بازار بھی جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

لیکن ان چیزوں سے اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آج ہم آپ کو کئی ایسی ٹپس بتائیں گے جن پر عمل کرنے کے  بعد آپ کے پھل اور سبزیاں دیر تک فریش رہیں گی، وہ ٹپس درج ذیل ہیں۔

٭ یہ سن کر آپ کو عجیب لگے گا کہ پھل اور سبزیوں کو فریج میں رکھنے سے پہلے ہرگز دھوئیں نہیں۔اگر آپ کے پھل اور سبزیاں گندے ہیں تو ان کو کسی کپڑے سے صاف کرلیں اور فریج میں رکھ دیں ۔ اس عمل سے آپ کے پھل اور سبزیاں خراب نہیں ہونگے۔

٭ پھل اور سبزیوں کو ہمیشہ خشک اور ٹھنڈی جگہ پر رکھیں۔ جس پیالے میں آپ پھل اور سبزیاں رکھتے ہیں اس میں ٹیشو پیپر بچھا دیں ، اس سے پھل اور سبزیوں کا اضافی پانی ٹیشو پیپر جذب کرلے گا اور پھل خراب نہیں ہونگے۔

٭ مرچ، شملہ مرچ، کھیروں  اور ٹماٹروں کو کبھی بھی فریج میں نہیں رکھیں ۔ ان چیزوں کو ہمیشہ کمرے کے درجہ حرار ت پر رکھیں ۔ مرچوں کو فریج میں رکھنے سے ان کی تروتازگی ختم ہوجاتی ہے اور وہ نرم پڑجاتی ہیں جبکہ ٹماٹر اور کھیرے فریج میں رکھنےسے سکڑ جاتے ہیں۔

٭ کیلوں کو فریج میں رکھنے سے وہ جلدی کالے ہوجاتے ہیں اور اس کا ذائقہ بھی خراب ہوجاتا ہے ۔ لہذا کیلوں کو ہمیشہ کمرے کے درجہ حرارت پر رکھیں  اور ان کے جڑ  کو پلاسٹک سے لپیٹ دیں۔ اس سے آپ کےکیلے جلدی کالے اور خراب نہیں ہونگے۔

٭ اگر آپ چاہتے ہیں کہ گاجریں بہت دیرتک فریش رہیں تو آپ گاجروں کو چھیل کر ایک جار میں تھوڑا  پانی میں ڈال کر رکھ دیں ، اس عمل سے گاجریں فریش رہیں گی۔

٭ اگر آپ پھل اور سبزیوں کو فریج میں رکھنا چاہتے ہیں تو ان کو فریج سے سب سے نیچے والے حصے میں رکھیں۔ پھل اور سبزیوں کو کم ٹھنڈی جگہ پر رکھنے سےیہ دیرتک فریش رہیں گے ۔

٭ کوشش کریں کہ پھلوں کو الگ الگ کرکے رکھیں۔کچھ پھل ایسے ہوتے ہیں جن کو  ایک ساتھ نہیں رکھنا چاہیئے ، جیسے کیلے، خوبانی، خربوزے، آڑو، آم اور ٹماٹرچونکہ ان پھلوں کے چھلکے نرم ہوتے ہیں اسی لئے یہ جلدی خراب بھی ہوجاتے ہیں،  لہذا ان پھلوں کو کبھی بھی ساتھ نہیں رکھیں ۔

٭ ہمیشہ پیاز اور آلو کو الگ الگ حصوں میں رکھیں۔ اگر دونوں سبزیوں کو ایک ساتھ رکھیں گے تو اس سے آپ کی سبزیاں خراب ہوجائیں گی۔اس کے علاوہ پیازاور لہسن  کو کسی اندھیری جگہ پر رکھیں جہاں روشنی تیز نہیں ہو خاص طور پر اس جگہ پر دھوپ نہ آتی ہو۔

٭ اگر آپ آلو کے ساتھ ایک یا دو سیب رکھ دیں تو اس سے آپ کے آلو خراب نہیں ہونگےاور آلو دیر تک تازہ رہیں گے۔

٭ پھول گوبھی کو پانی میں بھوگیں کے رکھنے سے یہ کافی وقت تک تازہ رہتی ہے۔ آپ ایک پیالے میں پانی لیں اور اس میں پھول گوبھی کوبھگودیں۔  خیال رہے کہ پھول گوبھی کا اوپری حصہ نہ بھیگے، اوپری حصے کو پلاسٹک سے لپیٹ دیں لیکن پلاسٹک میں کئی جگہ سوراخ کرلیں اس کے بعدپلاسٹک لپیٹ دیں۔

٭ وہ سبزیاں جو کمرے کے درجہ حرارت پر رکھی جاتی ہیں ان کو کبھی بھی بند جگہ پر نہیں رکھیں۔ ان سبزیوں کو لکڑی سے بنے باکس میں رکھیں تاکہ ان سبزیوں کو ہوا ملتی رہے۔

Read Comments