Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ فورسز کے پاس 3 روز سے ٹیکنیکل ثبوت موجود تھے،اویس شاہ کو خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر کے بازیاب کرایا گیا۔
پاک فوج کی باصلاحیت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب ترین کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کو بازیاب کرانے کےبعدترجمان پاک فوج نے راولپنڈی میں پریس بریفنگ میں آپریشن پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور القاعدہ سے تھا۔
جنہوں نے اویس شاہ کو برقعہ پہنا کر افغانستان لے جانے کی کوشش کی ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے مطالبات کئے تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر 19 ہزار 800 آپریشنز کئے ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اگر ضرب عضب نہ ہوتا تو دہشت گردوں کی ملک بھر میں آمدورفت بڑی آسان ہوتی۔
ملک دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے باور کرایا کہ دہشت گردوں کو ملک کے کسی کونے میں پناہ نہیں ملے گی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔