شائع 20 جولائ 2016 07:38am

مشہور اداکاروں کی پر اسرار اموات اور ان سے متعلق سچائیاں

شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا میں  بہت سے راز پوشیدہ ہوتے ہیں ،یہاں سے تعلق رکھنے والے اداکار لوگوں کو ہمیشہ ہنستے مسکراتے دکھائی دیتے ہیں ،لیکن حقیقت کچھ اور ہی ہوتی ہے۔ کئی ایسے اداکار ہیں جن کی پرسرار اموات نے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔

ان اداکاروں کی اموات کےپیچھے کیا کہانی پوشیدہ ہے ،آئیے جانتے ہیں ۔

قندیل بلوچ

متنازعہ ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی پاکستان کی معروف ماڈل ،اداکارہ اور گلوکارہ قندیل بلوچ کو ان کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کردیا۔

قندیل کو ان کی زندگی میں لوگوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ،تاہم ان کی موت کے بعد لوگوں کی جانب سے کافی ملا جلا ردعمل سامنے آیا ،کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ قندیل کے ساتھ جو کچھ ہوا  وہ اس کی حقدار تھیں مگر کچھ لوگوں کا رد عمل اس کے بالکل بر عکس تھا۔

لوگوں کے علاوہ شوبز سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے بھی قندیل کی موت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ قندیل کا اس طرح  سے قتل کیا جانا  نا انصافی  ہے ۔

قندیل کی اچانک  موت سے یہ سوال ابھرتا ہے کہ وہ  ایک طویل عرصے سے  اپنی متنازع تصاویر اور ویڈیوز کی وجہ سے  تنقید کا نشانہ بنی رہیں ، کیا اس وقت ان کے خاندان کو ان تمام باتوں کا علم نہیں تھا؟ اچانک غیرت کا جاگنا خود اپنے اندر ایک سوالیہ نشان ہے۔

جیا خان

جیا خان نے بہت کم عرصے میں بولی  وڈ میں اپنی جگہ بنائی،3 جون 2015 کو جیا اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں ،پولیس کے مطابق انہوں نے خودکشی کی تھی،جبکہ ان کے گھر والوں نے ان کے بوائے فرینڈ سورج پنچولی پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔

پرتیوشا بینر جی

یکم  اپریل 2016 کی صبح بھارتی شوبز انڈسٹری کیلئے بہت  بڑا صدمہ لے کر آئی جب  بھارتی ٹی وی مقبول ڈرامے' بالیکا ودھو 'کے کردار آنندی کے ذریعے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ پرتیوشا بینر جی کی لاش ان کے گھر میں پائی گئی۔

تفتیش کے بعد پرتیوشا کی موت کی وجہ محبت میں ناکامی کو قرار دیا گیا ،تاہم ان کے گھر والوں نے ان کے بوائے فرینڈ  راہول راج سنگھ کو اُن کی موت کا ذمہ دار قرار دیا ۔

دیویا بھارتی

دیویا بھارتی  کا شمار بولی وڈ کی ان ادکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت کم عرصے میں لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی ،ان کی موت 5 اپریل1993کو اپنے فلیٹ کی بالکنی سے گر کر ہوئی ،اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود لوگ انہیں بھلانہیں پائے ہیں۔

اشرف الحق

بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار اشرف الحق کی موت نہ صرف ان کے مداحوں کیلئے بلکہ تمام لوگوں کیلئے صدمے کا باعث تھی۔وہ 17 فروری 2015 کو اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر چلے گئے،انہوں نے دیوار،پان سنگھ تو مراور فُکرے جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا تھا۔

جسپال بھٹی

بھارتی شوبز انڈسٹری میں 'کنگ آف کامیڈی ' کے نام سے پہچانے جانے والے معروف اداکار جسپال بھٹی 25 اکتوبر 2015 کو کار حادثے میں اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا سے چلے گئے۔

اشمیت سنگھ

بھارت کے معروف رئیلٹی شو 'وائس آف انڈیا'کے فاتح اشمیت سنگھ  کی اچانک موت نے ان کے گھر والوں سمیت پورے بھارت کو سوگوار کردیا تھا۔

انتیس جولائی 2008 کو اشمیت ایک کنسرٹ میں شرکت کیلئے  مالدیپ گئے تھے ،وہاں ایک ریزورٹ کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر ان کی موت واقع ہو گئی۔

ان کے والد نے اسے حادثہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیاتھا،جبکہ ان کا کہنا تھا کہ اشمیت کو گزشتہ کچھ دنوں سے  دھمکی آمیز میسیجز بھی موصول ہورہے تھے،اس کے علاوہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اشمیت کے ماتھے پر زخم کا نشان بھی پایا  گیا تھا ۔

Read Comments