مظفرآباد:آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی اکتالیس نشستوں کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی طور پرچار سو تئیس امیدوار میدان میں ہیں ۔پاکستان کے چاروں صوبوں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی بارہ نشستوں پر بھی پولنگ کے بعد غیر حتمی نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں انتخابی دنگل کا آغاز ہوگیا۔ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن ، تحریک انصاف، مسلم کانفرنس ، اور جماعت اسلامی سمیت چھبیس سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
قانون ساز اسمبلی کی اکتالیس نشستوں کے لیے چار سو تئیس امیدوار مدمقابل ہیں ۔ دس اضلاع میں پانچ ہزارچار سو تئیس پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں چھبیس لاکھ سے زائد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے اور اب پولنگ ختم ہونے کے بعد غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہےاور تاحال مختلف پولنگ اسٹینشز کے نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدواروں کی اپنے حریفوں پر برتری برقرار ہے۔
تاحال ایل اے چودہ باغ آزادکشمیر سے پولنگ سٹیشن بھاٹا سنگھڑ کا بھی غیر حتمی نتیجہ موصول ہوگیا ہے اورن لیگ کے امیدوار مشتاق منہاس دوسو دو ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ قمر زمان نے ایک سو سینتیس اور راجہ خورشید نے تئیس ووٹ لیے ۔
فیصل آباد میں ایل اے اڑتیسس ، ویلی گیارہ سے ایم سی ہائی سکول کوتوالی روڈ کا بھی غیر نتیجہ موصول ہوگیا ہےاور مسلم لیگ ن کے طیب شوکت انیس ووٹ لیکر آگے جبکہ آزاد امیدوار محمد عاصم گیارہ ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں
بہاولپور میں ایل اے تیس جموں ایک پولنگ سٹیشن باون کےغیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے ناصر حسین ڈارتینتالیس ووٹ لیکر آگے اورپی ٹی آئی کے مقصود الزماں خان اکیس ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
گوجرخان میں گلیانہ پولنگ اسٹیشن جموں چھ حلقہ سینتیس کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے فخرزمان ایک سو باسٹھ ووٹ لیکر آگے اور ن لیگ کے راجہ صدیق ایک سو ساٹھ ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔جبکہ دیگر پولنگ اسٹیشنز سے بھی غیر حتمی نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب ووٹنگ کے دوران امن وامان کے قیام کے لیے فوج ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بھی گشت کیا۔ چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی انتظامیہ غیر جانبدار رہ کر شفاف پولنگ کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔