مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں میدان مارلیا

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2016 05:07am

مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں میدان مارلیا، قانون ساز اسمبلی کیلئے ہونے والے انتخابات میں ن لیگ 32 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔

تحریک انصاف نے 2، پیپلزپارٹی نے 2 اور مسلم کانفرنس نے 3 اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی، انتخابات میں 4 سابق وزرائے اعظم شریک تھے۔

 اسپیکرآزاد کشمیرغلام صادق اور سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان شکست کھانے والوں میں شامل ہیں، لاہور سے پی ٹی آئی نے ن لیگ کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 29 نشستوں پر انتخابات ہوئے،چاروں صوبوں میں مقیم کشمیری مہاجرین  کی 12 نشستوں کے لیے بھی پولنگ ہوئی،10 اضلاع میں 26 لاکھ ،74 ہزار سے زائد ووٹرز کیلئے 5 ہزار 423 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے۔

مختلف سیاسی جماعتوں کے 423 امیدوار مدمقابل تھے۔پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پرامن طریقے سے جاری رہی،جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی اور نتائج کا سلسلہ شروع ہوا۔

انتخابات میں بڑے بڑے بت بھی گرے، لاہور کے حلقے ایل اے 37سے پی ٹی آئی نے ن لیگ کو شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔

راولاکوٹ کے ایل اے 18، پونچھ 2 کے حلقے سے ن لیگ کے خان بہادر خان نے پیپلزپارٹی کے امیدوار اسپیکر غلام صادق کو شکست دے دی۔

تحریک انصاف کے لیڈر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان ایل اے 3 میرپور میں شکست کھا گئے۔

ووٹنگ کے دوران امن وامان کے قیام کے لیے فوج ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

Read Comments