Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظورکرلی گئی ،سینیٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھی شدید مذمت کی گئی ۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی، قرارداد راجہ ظفرالحق کی طرف سے پیش کی گئی،قرارداد میں مقبوضہ کشمیرکی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی سمیت برہان الدین وانی اور دیگر مظلوم کشمیریوں کی شہادت پر افسوس کااظہار کیا گیا۔
قرارداد کے مطابق، بھارتی فورسز کی جارحیت سے 50 سے زائد افراد شہید، 3500سے زائد زخمی اور 150 سے زائد بینائی سے محروم ہوئے، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے باعث انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ۔
قرارداد میں اس بات کو اجاگرکیا گیا کہ دنیا کی سب سے بڑی نام نہادجمہوریت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہورہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں ممنوعہ اورمہلک ہتھیاروں کا استعمال روکا جائے۔
سینیٹ نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کومقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرنوٹس لینے کی اپیل بھی کی ۔