پاکستانی انڈسٹری میں کئی نئی فلمیں بن رہی ہیں اور یہ فلمیں منفرد موضوعات پر بننے کے باعث لوگوں کوپسند آرہی ہیں اور لوگ چاہتے ہیں کہ ایسی فلمیں بنتی رہیں تاکہ پاکستانی سینما کی رونقیں دوبارہ سے بحال ہوجائیں۔
ایسی ہی ایک اور نئی پاکستانی فلم'سیلوٹ' کے نام سے بننے جارہی ہے۔ یہ فلم شہید اعزاز حسن کی زندگی پر مبنی ہے، جس نے انتہائی بہادری کے ساتھ اپنی جان پر کھیل کر اپنے اسکول کے باہر خودکش بمبار کو روکا اور اپنی جان قربان کرکے ہزاروں بچوں کی زندگی کو بچا لیا۔
اطلاعات کے مطابق فلم میں علی مہتشام، عجب گل اور صائمہ نور مرکزی کردار نبھائیں گے جبکہ فلم کے پروڈیوسر، رائٹر اور ڈائریکٹر شہزاد رفیق ہیں۔
فلم بنانے کا مقصد ملک میں سے دہشتگردی کے خوف کو ختم کرناہے۔جس طرح اعتزاز حسن نے بغیر کسی خوف کے اتنی بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی جان بچائی ، ایسے موضوعات پر فلم بننے سے لوگوں میں شعور پیدا ہوگا اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی۔