آزاد کشمیر:الیکشن، ن لیگ بھاری اکثریت لینے میں کامیاب

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2016 07:32pm

مظفرآباد:آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ ن نے حکمراں پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا بوریا بستر گول کردیا۔ نتائج کے مطابق ن لیگ کو اکتیس، پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کو تین تین نشستیں ملیں جبکہ تحریک انصاف صرف دو سیٹوں پر ہی کامیابی حاصل کرپائی۔

آزادکشمیر انتخابات کے نتائج اندازوں سے مختلف نہیں تھےتاہم یہ نہیں معلوم تھا کہ کشمیری عوام اس بار ناصرف برادری ازم سے باہر نکل جائیں گے بلکہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کا صفایا بھی کردیں گے۔

مسلم لیگ ن کے اکثر امیدوار بہت زیادہ مشہور نہیں تھے لیکن عوام نے ان کے سروں پر اقتدرا کا ہما بٹھا ڈالا۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ کے مطابق ن لیگ کو اکتیس نشستوں کے ساتھ بھاری اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔مسلم کانفرنس کو تین اور تحریک انصاف کو دو نشستیں ملیں۔

دوسری طرف آزادکشمیر کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے وزیراعظم سمیت صرف تین امیدوار کامیابی حاصل کرپائے۔جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کو ایک نشست ملی اور ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا۔

سب سے بڑا اپ سیٹ تحریک انصاف کے لیڈر بیرسٹر سلطان محمود کی شکست تھا۔جنھیں انتہائی طاقت ور سیاست داں مانا جاتا ہے اور وہ گزشتہ پچیس برس سے الیکشن نہیں ہارے تھے۔

اسمبلی کے اسپیکر غلام صادق، چوہدری لطیف اکبر، چوہدری یاسین، سردار قمر زمان اور صدر آزاد کشمیر کی بیٹی فرزانہ یعقوب کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Read Comments