ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے،اسحاق ڈار

شائع 26 دسمبر 2015 05:54pm

لاہور:وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی اور بلوچستان میں امن قائم ہو چکا، ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔

لاہور میں انکم ٹیکس افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ ن نے حکومت سنبھالی پاکستان کو دیوالیہ قرار دینے کی تیاریاں ہو چکی تھیں اور عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان آنا بند کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسائل کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا، عالمی ادارے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کے معترف ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیموں کی ضرورت ہے، کراچی کے امن میں اسی فیصد بہتری آئی ہے، بلوچستان میں بھی نہ صرف امن قائم ہوا بلکہ علیحدگی پسند تحریکیں بھی دم توڑ گئیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دو ہزار پچاس تک پاکستان کو دنیا کی اٹھارویں بڑی معیشت بنانا ہمارا ہدف ہے، دس ہزار چھ سو میگا واٹ کے توانائی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جو دو ہزار اٹھارہ تک مکمل ہو جائیں گے۔

Read Comments