دبئی:رینجرز اختیارات،پی پی کے اہم اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2016 07:27am

دبئی:رینجرز کو اختیارات دینے کے حوالے سے دبئی میں پیپلزپارٹی کی قیادت کےاہم اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تاہم صوبائی وزیرداخلہ کو تبدیل کرنے پر غور کیا گیا۔پی پی ہائی کمان کا اجلاس آج پھرہوگا۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز صرف کراچی تک محدود رہیں گے۔دوسری جانب اسحاق ڈار بھی دبئی میں موجود ہیں اور آصف علی زرداری سے ملاقات کا امکان ہے۔

دبئی میں پیپلزپارٹی کی قیادت کا مشاورتی اجلاس سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے خصوصی شرکت کی اور کورکمانڈر کراچی سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے شریک چئیرمین آصف زرداری کو آگاہ کیا۔

پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں رینجرز کو اختیارات دینے کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز صرف کراچی تک محدود رہیں گے اور سندھ کے دیگر شہروں میں کارروائی کی اجازت نہیں ہوگی،اجلاس میں رحمان ملک، فاروق ایچ نائیک،فریال تالپور اور سہیل انورسیال نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مسئلہ حل کرنے کیلئے اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔

اجلاس سے قبل آصف زرداری نے رہنماؤں کو عشائیہ دیا،جس میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے سندھ کی صورتحال پر گفتگوکی اور صوبائی کابینہ کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔

دوسری جانب وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی دبئی میں موجود ہیں اور امکان ہے کہ وہ آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے سندھ میں جاری تناؤ میں کمی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے زرداری ملک کے صدر رہ چکے ہیں اور پیپلزپارٹی وفاقی سیاسی جماعت ہے،اگر اسحاق ڈار ان سے رابطہ یا ملاقات کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔

ذرائع کے مطابق ،رینجرز اختیارات کو صرف کراچی تک محدود رکھا جائے گا۔

Read Comments