Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور:لاہور میں نجی کمپنی کے ڈمپر نے رکشے اور موٹرسائیکوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں4افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے۔
لاہور کے علاقے داروغہ والا میں ڈمپر نے ایک چنگ چی رکشے اور 2موٹر سائیکلوں کو کچل ڈالا، حادثے میں 2بچوں سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ،جاں بحق ہونے والوں میں ملازم علی، احمد شاہ، 10سالہ نعمان اور ایک نامعلوم بچہ شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے عارف، وسیم، شمیم بی بی اور عبدالرزاق کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد اہل علاقہ نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن منصوبے کے باعث آئے روز مختلف حادثات رونما ہو رہے ہیں لیکن حکومت کسی بھی قسم کے حفاظتی انتظامات کرنے کو تیار نہیں۔
دوسری جانب لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیان کے مطابق ،حادثے کی وجہ بننے والے ڈمپر کا ایل ڈی اے کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ اورنج لائن منصوبے پر کام کیلئے استعمال ہو رہا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی واقعے کے حوالے سے پولیس اور انتظامیہ کو رپورٹ پیش کرنے اور ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔