سندھ کی وزارت اعلیٰ کیلئے3 نام شارٹ لسٹ کر لئے گئے

شائع 25 جولائ 2016 08:25am

کراچی:سندھ کی وزارت اعلی کیلئے 3 نام شارٹ لسٹ کرلئے گئے ہیں، سرفہرست ہیں وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ ،دوسرا آپشن ہیں آغا سراج درانی جبکہ منظور وسان کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔

سندھ میں گڈ گورنس کا معاملہ وزیراعلی کی تبدیلی کے فیصلے کا سبب بنا یا قائم علی شاہ کی بزرگی اور ناسازی طبع وجہ بنی۔

 پی پی کی ٹاپ لیڈر شپ نے سندھ کی وزارت اعلیٰ کا منصب مراد علی شاہ کے نام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔1989 میں قائم علی شاہ ، مراد علی شاہ کے والد عبداللہ شاہ کی جگہ وزیراعلی بنائے گئے اور اب 27 سال بعد مراد علی شاہ قائم علی شاہ کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔

مراد علی شاہ 8 نومبر 1962 کو کراچی میں پیدا ہوئے ، 1986 میں این ای ڈی یونیورسٹی سے سول انجینیرنگ کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد کیلیفورنیا کی اسٹین اسٹیڈ یونیورسٹی سے سول اینڈ اسٹرکچرل انجینیرنگ میں ماسٹرز کیا۔

انیس سو چھیاسی میں عملی زندگی کا آغاز واپڈا میں بطورجونیئرانجینیر کیا ، جس کے بعد پورٹ قاسم اتھارٹی ، حیدرآباد ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور کراچی فش ہاربر کے لیے بھی خدمات انجام دیں ،2002میں پہلی بار سندھ اسمبلی کےرکن منتخب ہوئے اور اب صوبائی وزیر خزانہ کے منصب پرفرائض انجام دے رہے ہیں۔

وزارت اعلیٰ کے منصب کے دوسرے مضبوط امیدوارآغا سراج کا شمارآصف علی زرداری کے قریبی دوستوں میں کیا جاتا ہے ، 63 سالہ آغا سراج گزشتہ 3 برسوں سے سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔

جبکہ اس سے قبل وہ مختلف وزارتوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں، پیش گوئیوں کے ماہر منظور وسان بھی منجھے ہوئے سیاست دان مانے جاتے ہیں، سندھ کے وزیر خوارک ہیں، جبکہ پہلے بھی کئی وزارتوں کا تجربہ رکھتے ہیں ۔ منظور وسان وزارت اعلی کی دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہیں ۔

Read Comments