بھارت سےموجودہ صورتحال میں مذاکرات نہیں ہوسکتے،خواجہ آصف

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2016 10:10am

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بھارت سے موجودہ صورتحال میں مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔بھارت کے ساتھ ٹریک ٹو ڈپلومیسی پر بھی بات چیت نہیں ہورہی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پالیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرتا رہے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا بھارت سے موجودہ صورتحال میں مذاکرات نہیں ہوسکتے اور نہ ہی ٹریک ٹو ڈپلومیسی پر بھارت سے سفارتی رابطہ ہے۔

 ان کا کہنا تھا مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ دورہ ایران میں کلبھوشن سمیت تمام سرحدی امور پر بات کریں گے۔ افغانستان کو چارسدہ اور اے پی ایس حملے میں ملوث ہونے کے تمام تر ثبوت فراہم کردیئے، عالمی سطح پر ایسے تمام ثبوت اور شواہد فراہم کرتے رہے ہیں ۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں خواجہ آصف کا کہنا تھا افغان صدر کے بیان پر واضح رائے رکھتے ہیں ، افغانستان پہلے اپنے مہاجرین کوواپس لے کرجائے ۔ مہاجرین کے جانے کے بعد اگرپناہ گاہیں ہوئیں تو ختم کریں گے۔

افغان مہاجرین کی آڑمیں دہشت گرد پناہ لے رہے ہیں ۔ سخت ترین سرحدی انتظام کے بغیردہشت گردی پرقابوپانا ممکن نہیں ۔

Read Comments