شائع 26 جولائ 2016 02:21pm

مقبوضہ کشمیر:بھارتی بربریت ،بااثر شخصیات کی پلیٹ گن سے زخمی تصاویر

سری نگر :مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج چھرے والی بندوقوں سے  نہتے عوام کو نشانہ بنارہی ہے، فیس بک پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے چلائی گئی ایک مہم میں  بھارت کی بااثر شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ مہم کا مقصد نامور شخصیات کوان مظالم پر ان کی خاموشی کا احساس دلانا ہے۔

فیس بک پیج  پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے پیلٹ گن کے استعمال پر رائے عامہ اجاگر کرنے کی ایک مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔مہم کیلئے بنائے گئے پوسٹرز میں معروف بھارتی شخصیات کی تصاویر کو فوٹو شاپ کی مدد سے ایسا دکھایا گیا ہے کہ جیسے انہیں پیلٹ گن سے زخمی کیا گیا ہو۔

ان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی، بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور دیگر افراد شامل ہیں۔ انہی پوسٹرز میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ  بھی شامل ہیں۔

فیس بک پیج بنانے والے جبران ناصر کے مطابق رائے عامہ میں آگہی پیدا کرنے کیلئے مارک زکربرگ کا انتخاب  کیا گیا ہے۔مہم میں بھارتی فلمی ستاروں کے انتخاب کی وجہ انکا کشمیر سے متعلق مختلف فلموں کا حصہ رہنا اور انہیں یہ بتانا ہے کہ وہ  کشمیر میں جاری مظالم  پر خاموش کیوں ہیں؟

پیلٹ گن عمومی طور پر جان سے تو نہیں مارتی لیکن اس کا نشانہ بننے والے زندہ لاش بن کررہ جاتے ہیں۔ بھارتی افواج نے اب تک ہزاروں کشمیریوں کو اس گن کے ذریعے زخمی کیا ہے۔

Read Comments