کشمیریوں کے حق میں پوسٹنگ ہٹانے پر فیس بک پر تنقید

شائع 28 جولائ 2016 05:43pm

اسلام آباد:دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فیس بک سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں موجود پوسٹس ہٹانا جانب داری ہے، فیس بک کو ایک ادارے کی حیثیت سے غیرجانب دار رہنا چاہیے۔

ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے فیس بک کے جانب دارانہ کردار پر تنقید کی اور کہا کہ فیس بک مقبول سوشل میڈیا ہے، سب کو اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو ریاستی دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے باضمیر لوگوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔کچھ لوگوں نے فیس بک پر اکاؤنٹس بنائے تاکہ بھارتی مظالم اور پیلٹس گنوں کے نقصانات کو دنیا کے سامنے لایا جائےلیکن فیس بک نے ان اکاؤنٹس کو بند کردیا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کو پاک بھارت تنازعات میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے خلاف پیلٹس گن کے استعمال سے تشویش میں اضافہ ہورہا ہے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور حریت قیادت کی نظربندی کی مذمت کرتا ہے، کشمیریوں کے حق میں ہر فورم پر آواز بلند کی جارہی ہے۔ترجمان نے بھارتی وزیر داخلہ کے اگست میں دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سنگھ سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں شرکت کے لئے آئیں گے۔

Read Comments