سندھ کےوزیراعلیٰ کا انتخاب،پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی آج مدمقابل

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2016 10:28am

کراچی:سندھ کے 23ویں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیئے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ آج ہوگا۔ عددی اکثریت کے لحاظ سے پیپلزپارٹی کا پلڑا بھاری ہے ۔

سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی کے فیصلے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے سندھ اسمبلی میں آج میدان سجے گا ،پیپلزپارٹی کے امیدوار سید مراد علی شاہ اور پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے ہیں ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کا کہنا تھا کہ قائد ایوان کا انتخاب جمہوری عمل ہے اور اس میں ہر جماعت کو حصہ لینے کا حق ہے۔

وزارت اعلیٰ کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوارسید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلا مقابلہ کوئی انتخاب نہیں ہوتا مقابلہ ہی جمہوریت کا حسن ہے ۔

تحریک انصاف کی طرف سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ میں صرف جیت کے لیے انتخاب میں حصہ نہیں لے رہا ہوں بلکہ سندھ میں مک مکا کی سیاست کے خاتمے کے لیے میدان میں آیا ہوں۔

ایوان میں عددی اکثریت کی بنا پر پیپلزپارٹی کے سید مراد علی شاہ کو اپنے حریف پر واضح برتری حاصل ہے۔

Read Comments