رینجرز کو اختیارات کے بغیر ڈلیوری کی امید نہیں،چوہدری نثار

شائع 30 جولائ 2016 02:34pm

کراچی:وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ رینجرز کو اختیار دیئے بغیر اس سے ڈیلیوری کی امید نہیں کی جاسکتی۔

ٹیسکلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ جب بھی آتا ہے متنازع بن جاتا ہے، رینجرز کو کراچی میں امن کیلئے بلایا گیا تھا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ رینجرز کو اختیارات بھی نہ دیں اور ان سے ڈیلیوری کی امید بھی رکھیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کراچی آپریشن صرف سندھ حکومت کی درخواست پرشروع نہیں کیا گیا تھا بلکہ اس میں سپریم کورٹ کی ہدایت بھی شامل تھی، وفاق کسی بھی صوبے کی اندرونی سیکیورٹی میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

سندھ میں وزارت اعلٰی کی تبدیلی کے حوالے سے چوہدری نثار نے کہا کہ پارٹی تو پرانی ہے لیکن کابینہ نئی بنی ہے،ہم پرامید ہیں کہ رینجرز کے معاملے میں رکاوٹیں دور ہوں گی۔

 دوسری جانب وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے بھی کراچی میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ رینجرز کے معاملہ پر آج غور کریں گے، یہ جلد حل ہوجائے گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ دھماکے پر افسوس ہوا،ڈی جی رینجرز کو یقین دلایا ہے کہ سندھ پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچے گی۔

وزیراعلٰی سندھ کے اس بیان سے رینجرز کے اختیارات کی حدود کے حوالے سے انکی سوچ کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔

Read Comments