خیبر ایجنسی:باراتیوں کی وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی،چھبیس افراد جاں بحق

شائع 30 جولائ 2016 04:50pm

لنڈی کوتل :خیبرایجنسی میں باراتیوں کی وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔  حادثے میں چھبیس افراد جاں بحق ہوئے۔ تین کو بچالیا گیا۔ مرنے والوں میں اٹھارہ بچے اور خواتین شامل ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے تین تین لاکھ روپے امداد کا اعلان کردی۔خیبرایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں سانحہ پیش آیا

باراتیوں سے بھری وین زخاخیل میں سیلابی پانی میں بہہ گئی۔لنڈی کوتل کے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ رحیم اللہ محسود کے مطابق دلہن لے کر آنے والی بارات نے ایک ندی عبور کرلی تھی تاہم دوسری میں پھنس گئی، اتنے میں سیلابی ریلہ آگیا اور گاڑی کو بہا کر دور لے گیا۔ گاڑی میں انتیس افراد سوار تھے۔

لاشیں مختلف مقامات پر بکھری پڑی تھیں جنھیں تلاش کرکے ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ہلاک شدگان میں اٹھارہ بچے، چھ خواتین اور دو مرد شامل ہیں، تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،مرنے والے چودہ افراد کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا۔

وزیراعظم  نوازشریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ واقعے کے محرکات کا پتہ لگایا جائے اور ایسے جان لیوا حادثات سے بچنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

Read Comments