Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
گڑھی خدا بخش:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن کا مسئلہ قیام پاکستان سے ہے،گڑے مردے نہیں اکھاڑیں گے،کوشش ہوگی کہ مستقبل میں کرپشن پر قابو پایا جاسکے، بلدیاتی نمائندوں اور رینجرز کو جلد اختیارات مل جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کابینہ ارکان کے ہمراہ گڑھی خدابخش پہنچے،وزیراعلیٰ اور کابینہ کے ارکان نے ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے عوامی خدمت کی تعلیم دی،ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
سندھ میں کرپشن سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ نیا نہیں،قیام پاکستان سے ملک میں کرپشن ہے،گڑے مردے اکھاڑنے میں وقت ضائع کرنے کے بجائے ،مستقبل میں کرپشن روکنے کی کوشش کریں گے۔
حالات کی خرابی کا ذکر کرکے مراد علی شاہ نےسندھ میں امن وامان کی صورتحال کو بہت بہتر قرار دیا اور امن وامان کا سہرا قائم علی شاہ اور سہیل انور سیال کے سر باندھ دیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا سندھ میں وسائل کے ساتھ ساتھ مسائل بھی بہت ہیں، بہت جلد رینجرز اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات مل جائیں گے۔
لاڑکانہ میں رینجرز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئےمراد علی شاہ نےکہا جرائم جہاں ہوں گےقانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کریں گے اورجرائم پیشہ افراد کیخلاف پولیس فورس تیار کریں گے۔