Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیرا عظم نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات میں ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم اور صدر مملکت کی ملاقات کی، دونوں رہنماوں نے ملک کی عمومی صورت حال اور اہم قومی امور پر با ت چیت کی، ممنون حسین نے وزیراعظم کو صحت یابی پر ایک بار پھر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نواز شریف پوری توانائی کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت کریں گے۔
ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی کے جاری منصوبوں ، امن و امان کی صورت حال ، آپریشن ضرب عضب اور قومی معیشت کے احیاء کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے صدر مملکت کو مختلف امور میں حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں سے بهی آگاه کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم اور اُن کی اقتصادی ٹیم اپنی مضبوط حکمت عملی کے تحت قومی معیشت کی بہتری کے لیے قابِل قدر کردار ادا کر رہی ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ۔ دونوں رہنماؤں نے اپیل کی کہ ملک میں استحکام اور ترقی کے لیے ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی ایجنڈے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گی اور ملک کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لیے تندہی سے کام کرتی رہے گی۔