پاناما لیکس،ٹی او آرز پر تنازعہ برقرار

شائع 01 اگست 2016 05:45pm

اسلام آباد:پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں تنازعہ برقرار ہے ۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لاک حکومت کو ہی ختم کرنا ہو گا ۔ حکومت کا موقف ہے کہ ٹی او آر پر تمام اپوزیشن رہنماؤں سے دوبارہ رابطہ کر کے اجلاس بلایا جائے گا۔

پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹی او آر اب تک نہیں بن سکے۔حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے ہیں اور بیان بازی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران ڈیڈ لاک ہوا ۔ خاتمے کیلئے ایازصادق رابطے میں ہیں تاہم ڈیڈ لاک حکومت کو ہی ختم کرنا ہو گا۔

سینیٹراعتزازاحسن کہتے ہیں وزیراعظم نواز شریف اوراہلخانہ فرار کی راہ اختیار کر رہے ہیں لیکن حکومت کے گلے میں پانامہ پیپرزکی گھنٹی  بندھی ہوئی ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے ٹی او آرز نہ مانے گئے تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، پیپلز پارٹی سے بہتر احتجاج اور کوئی نہیں کرسکتا۔سینیٹر لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ تحقیقات کا آغاز وزیراعظم سے ہو۔

ادھر اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق کا کہنا ہے کہ ٹی او آر کے حوالے سے آٹھ اگست کو تمام اپوزیشن رہنماؤں سے دوبارہ رابطہ کر کے اجلاس کی تاریخ طے کی جائے گی۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اس احتجاج کا نتیجہ بھی گزشتہ دھرنے جیسا ہی ہوگا،تاہم خطرے کی بات بیرونی سرمایہ کاری کو بھگانا ہے۔

Read Comments